Badges mark quoted or attributed material (Qur'an, hadith, another author, an opposing view). Unbadged passages are Maulana Wahiduddin Khan's own words.
جدید اسلامی لٹریچر p. 324
موجودہ زمانہ میں ہم دیکھتے ہیں کہ سلمان رشدی جیسے لوگ جب کو ئی شر پھیلاتے ہیں تو وہ ہمارے لیے صرف شر بن کر رہ جاتا ہے، وہ ہمارے لیے خیر کی صورت اختیار نہیں کرتا۔ اس کی بنیادی وجہ یہ ہے کہ مسلمانوں کے امام اور مفکر ایسے لوگوں کے سامنے اسلام کا جو تعارف پیش کررہے ہیں وہ صرف شور وغل ہے۔ اور شور وغل آج کے انسان کو صرف متنفر کر سکتا ہے۔ وہ کسی بھی درجہ میں اس کو متاثر کرنے والا نہیں۔ p. 324
ایسے مواقع پر فطری طور پر اسلام کے مطالعہ کی فضابنتی ہے۔ لوگوں کے اندر اسلام کے بارے میںتجسّس پیدا ہوتا ہے، وہ زیادہ گہرائی کے ساتھ اسلام کو جاننے کے خواہش مند ہو جاتے ہیں۔ مگر وہ پاتے ہیں کہ موجودہ کتب خانوں میں ایسا لٹریچر موجود نہیں جو ان کی قابلِ فہم زبان میں اسلام کی اعلیٰ تعلیمات کو پیش کر رہا ہو۔ جس کے اندر اتنی جاذبیت ہو کہ وہ اس کو دلچسپی اور شوق کے ساتھ پڑھ سکیں۔ آج کے انسان کے ارد گرد مخالف اسلام لٹریچر کا انبار موجود ہے، مگر موثر اسلوب میں تیار کیا ہواموافق اسلا م لٹریچر کا کہیں وجود نہیں۔ p. 325
راقم الحروف نے چالیس سال پہلے عصر حاضر کی اس ضرورت کا احساس کیا تھا۔ اس کے مطابق میں نے اسلام کا تفصیلی مطالعہ کیا، اور اسی کے ساتھ جدید علوم کو اس کے مختلف پہلوؤں کے اعتبار سے گہرائی کے ساتھ سمجھنے کی کوشش کی۔ اس کے بعد میں نے عصری تقاضوں کے تحت ایسا اسلامی لٹریچر تیار کرنا شروع کیا جو آج کے انسان کے ذہن میں اسلام کی عظمت قائم کر سکے۔ میری تمام کتابیں کسی نہ کسی پہلو سے اسی خاص موضوع سے تعلق رکھتی ہیں۔ اس کام میں اگر چہ مجھے ملّت کا مطلوبہ تعاون حاصل نہ ہو سکا ۔ تاہم اپنی حد تک میں نے اپنی پوری طاقت اسی کام میں لگا رکھی ہے۔ p. 325
اسی خاص ضرورت کے تحت میں نے ایک نئی کتاب مرتب کی ہے جس کا نام ہے ’’ اسلام دور جدید کا خالق‘‘۔ یہ کتاب ایک سو سے زائد صفحات پر مشتمل ہے۔ اور وہ الحمد اللہ اسلامی مرکز کے تحت چھپ کر شائع ہو چکی ہے۔ p. 325
مذکورہ کتاب میں واقعات و حقائق کی روشنی میں دکھایا گیا ہے کہ جدید سائنس اور موجودہ ترقی یافتہ دور جس پر آج کا انسان فخرکرتا ہے، وہ تمام تر اسلام کا عطیہ ہے یہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم اور اصحاب ِ رسول کے ذریعہ لایا جانے والا اسلامی انقلاب ہے جس نے تاریخ ِ انسانی میں پہلی بار وہ عمل جاری کیا جس کے نتیجہ میں بالآخر دور ِ جدید کی تمام ترقیاں ظہور میں آئیں ۔ یہ کتاب اُردواور انگیریزی، وغیرہ زبانوں میںشائع ہوچکی ہے۔ p. 326