Badges mark quoted or attributed material (Qur'an, hadith, another author, an opposing view). Unbadged passages are Maulana Wahiduddin Khan's own words.
نمبر 21: متقیوں کی امامت۔ قرآن میں اہلِ جنت کی کچھ صفات بتائی گئی ہیں، یعنی وہ صفتیں جن کی بنا پر کوئی شخص جنت میں داخلے کا مستحق قرار پائے گا۔ اہلِ جنت کی ان صفتوں میں سے ایک صفت یہ ہے کہ وہ اپنے خاندان والوں کے لیے خدا سے یہ دعا کرتے ہیں: اور وہ لوگ کہتے ہیں کہ اے ہمارے رب، ہم کو ہماری بیوی اور ہماری اولاد کی طرف سے آنکھوں کی ٹھنڈک عطا فرما، اور ہم کو پرہیزگاروں کا امام بنا۔ الفرقان 74۔
اس دعا کو اگر لفظ بدل کر کہا جائے تو وہ یہ ہوگی: اے خدا، میرے دل کی ٹھنڈک تقویٰ میں ہے۔ اے خدا، تو میرے— تو میرے بیوی اور بچوں کو متقی بنا، تاکہ ان کو دیکھ کر میری آنکھیں ٹھنڈی ہوں، میرا خاندان متقیوں کا خاندان بن جائے۔ ایک ماں اور ایک باپ اگر وہ سچے خدا پرست ہیں تو ان کو اس میں خوشی نہیں ہو سکتی کہ ان کے بچے مادی چمک دمک میں جیتے ہوں، بلکہ ان کی خوشی اس میں ہوگی کہ ان کے بچے خدا سے ڈرنے والے ہوں، وہ خدا کے حکم کے مطابق اپنی زندگی گزاریں۔ ایسا ہی خاندان حقیقی معنوں میں خدا پرست خاندان ہے، اور وہ ماں اور باپ خوش قسمت ہیں جو ایسے خدا پرست خاندان کے سرپرست بنے ہوئے ہوں۔
کتاب "عورت معمار انسانیت" مولانا وحید الدین خان، صفحہ نمبر 38۔