Badges mark quoted or attributed material (Qur'an, hadith, another author, an opposing view). Unbadged passages are Maulana Wahiduddin Khan's own words.
کامیابی بھی ناکامی ہو سکتی ہے! p. 154
امریکہ کے ایک ناشر نے جب اپنی پہلی کتاب چھاپی تو وہ ایک مہینہ میں پانچ لاکھ کی تعداد میں فروخت ہوگئی۔ بظاہر یہ ایک نہایت شاندار کامیابی تھی ۔ مگر دوسرے ہی مہینہ وہ ناشر دیوالیہ ہو گیا۔ اس کی ناکامی کی وجہ یہ تھی کہ اس نے کتاب کی لاگت کا کم اندازہ لگایا۔ چنانچہ اس نے جو قیمت مقرر کی اس پر اس کو آٹھ سنٹ فی نسخہ نقصان ہو رہا تھا ۔ اگر کتاب کم بکتی تو وہ گھاٹے سے بچ سکتا تھا۔ مگر جب اس کو اپنی غلطی کا علم ہوا تو نقصان کی مقدار اس کی برداشت سے باہر ہو چکی تھی۔ نتیجہ یہ ہوا کہ اتنی زبردست کامیابی کے باوجود اس کا کاروبار ختم ہو گیا۔ p. 154
یہی حال تمام اجتماعی اقدامات کا ہے ۔ ہو سکتا ہے کہ ایک نعرہ کسی وجہ سے لوگوں کو اپیل کر جائے اور بہت سے لوگ اس کے ساتھ چل پڑیں۔ لیکن اگر اس میں دور اندیشی اور حقیقت پسندی نہیں ہے ، اگر اقدام کے وقت حالات کا صحیح اندازہ نہیں لگایا گیا ہے۔ تو عین ممکن ہے کہ نعرہ اور اس کے ساتھ دینے والے سارے لوگ ناقابلِ تلافی نقصان سے دوچار ہو جائیں۔ p. 154
آخرت کے پہلو سے بھی اس کے اندر نصیحت موجود ہے— ہو سکتا ہے کہ ایک دینی کام کافی پھیل جائے ۔ لاکھوں لوگ اس حلقہ میں شامل ہو جائیں ۔ اس کے رہنماؤں کو اعزاز اور قدر و منزلت حاصل ہو جائے ۔ لیکن اگر اس کے پیچھے صحیح اسلامی جذبہ نہیں ہے تو آخرت کے اعتبار سے اس کا وہی انجام ہوگا جو امریکی ناشر کا ہوا۔ (ہفت روزہ الجمعیۃ ، 20دسمبر 1967، صفحہ 10) p. 155original + quote