Al-Risala May 2013

کامیابی کس کے لیے

Al-Risala May 2013 — Maulana Wahiduddin Khan

Badges mark quoted or attributed material (Qur'an, hadith, another author, an opposing view). Unbadged passages are Maulana Wahiduddin Khan's own words.

Contents (16 chapters)
  1. الرسالہ - May 2013
  2. اہلِ جنت کی رفاقت
  3. بے نیازی کی نفسیات
  4. احبار ورہبان کی پیروی
  5. اللہ کی ایک سنت
  6. فطرت کا ایک اصول
  7. یہ اسلام نہیں
  8. مشرق اور مغرب
  9. حضرت ابراہیم کی امامت
  10. مکمل نظام، مکمل آئڈیالوجی
  11. خدا اور پیغمبر
  12. اپنے آپ کو پہچانیے
  13. حفاظت کا فارمولا
  14. کامیابی کس کے لیے
  15. سوال وجواب
  16. خبرنامہ اسلامی مرکز— 222

کامیابی کس کے لیے

فٹ بال کا امریکی کوچ ونس لمبارڈی (Vince Lombardi) اپنی فیلڈ کا ایک مشہور آدمی تھا- اس کی وفات 1970 میں ہوئی- کھیل میں کامیابی کاراز کیا ہے، اس کے بارے میں اس کا ایک قول یہ ہے— کامیاب انسان اور دوسروں کے درمیان فرق علم اور طاقت کے اعتبار سے نہیں ہے، بلکہ یہ فرق عزم کے اعتبار سے ہے:

The difference between a succesful person and others, is not a lack of strength, not a lack of knowledge, but rather a lack of will.

اِس قول میں ایک حکمت بتائی گئی ہے- اِس حکمت کا تعلق صرف کھیل سے نہیں، بلکہ اس کا تعلق زندگی کے ہر میدان سے ہے- زندگی کا خواہ کوئی بھی میدان ہو، ہر میدان میں کامیابی کا اصول صرف ایک ہے- ہر میدان میں کامیابی کے لیے عزم یا قوتِ ارادی (will power) کی ضرورت ہوتی ہے-

اِس دنیا میں کامیابی کے لیے بلاشبہہ طاقت کی بھی ضرورت پڑتی ہے اور علم کی بھی، لیکن آخر کار جو چیز فیصلہ کن ہوتی ہے، وہ آدمی کی قوتِ ارادی ہے- قوتِ ارادی اگر مستحکم ہو تو ہر صورتِ حال میں وہ آدمی کی رہنما بنی رہتی ہے- زندگی میں ہمیشہ اونچ نیچ کے مرحلے پیش آتے ہیں- ایسی حالت میں مسلسل جدوجہد پر قائم رہنے کے لیے جو چیز آدمی کے کام آتی ہے، وہ صرف عزم اور قوتِ ارادی ہے-

عزم سے مراد بابصیرت عزم ہے- عزم کا براہِ راست تعلق بصیرت (wisdom) سے ہے، جس آدمی کے اندر گہری بصیرت ہو، وہی کامیاب پلاننگ کرسکتاہے اور جو آدمی کامیاب پلاننگ کا اہل ہو، وہی اِس امتحان میں پورا اتر سکتا ہے کہ وہ ہر پیش آمدہ صورتِ حال میں اپنے عزم پر مسلسل قائم رہے- عزم کسی بنیاد پر قائم ہوتاہے اور یہ بنیاد صرف بصیرت ہے- جہاں بصیرت نہ ہو، وہاں عزم بھی نہ ہوگا-