Badges mark quoted or attributed material (Qur'an, hadith, another author, an opposing view). Unbadged passages are Maulana Wahiduddin Khan's own words.
اعمال کا باطل ہونا
قرآن کی سورہ الکہف میں ایک کردار کو اِس طرح بیان کیا گیاہے:قُلْ ہَلْ نُنَبِّئُکُمْ بِالْاَخْسَرِیْنَ اَعْمَالًا اَلَّذِیْنَ ضَلَّ سَعْیُہُمْ فِی الْحَیٰوةِ الدُّنْیَا وَہُمْ یَحْسَبُوْنَ اَنَّہُمْ یُحْسِنُوْنَ صُنْعًا (18:102-104)یعنی کہو، کیا میں تم کو بتاؤں کہ اپنے اعمال کے اعتبار سے سب سے زیادہ گھاٹے میں کون لوگ ہیں- یہ وہ لوگ ہیں جن کی کوشش دنیا کی زندگی میں اکارت ہوگئی اور وہ سمجھتے رہے کہ وہ بہت اچھا کام کررہے ہیں-original + quote
قرآن کی اِس آیت میں دراصل اُس نفسیاتی حالت کا ذکر ہے جس کو موجودہ زمانے میں کنڈیشننگ کہاجاتا ہے- جن لوگوں کا کیس کنڈیشنڈ مائنڈ (conditioned mind) کا کیس ہو، اُن کا حال یہ ہوجاتا ہےکہ وہ اپنے مانوس تصور ہی کو درست سمجھنے لگتے ہیں-
اپنے اِس ذہنی شاکلہ (mind-set) کی بنا پر وہ سمجھتے ہیں کہ جو کچھ وہ کررہے ہیں، وہی حقیقت کے اعتبار سے بھی صحیح ہے- لیکن آخرت میں ان کے یہ اعمال باطل قرار پائیں گے، یعنی بے نتیجہ ہوجائیں گے-
اعمال کا باطل ہونا کوئی پراسرار چیز نہیں -اُس سے مراد ہے مطلوب نتیجہ حاصل نہ ہونا- دنیا میں کسی انسان سے جو چیز مطلوب ہے، وہ یہ کہ اس کے اندر مزکیّٰ شخصیت بنے، یعنی وہ شخصیت جو جنت میں داخلے کے قابل ہو- ایسے لوگوں کو آخرت میں معلوم ہوگا کہ جو کچھ وہ کرتے رہے، وہ صرف ایک غیر متعلق کام تھا- وہ ان کی شخصیت کو مزکیّٰ شخصیت بنانے میں کار آمد نہ تھا-
لوگوں کا حال یہ ہے کہ وہ بطور خود اپنی زندگی کا ایک نشانہ بناتے ہیں- وہ اس میں اپنی ساری طاقت لگا دیتے ہیں- اُن کا ذاتی خیال یہ ہوتا ہے کہ وہ اپنے لیے ایک بہتر مستقبل کی تعمیر کررہے ہیں، لیکن اچانک موت آتی ہے جو اُن کے پورے محل کو ڈھا دیتی ہے- موت کے بعد آدمی اپنے آپ کو ایک ایسی دنیا میں پاتا ہے جہاں اس کی سابقہ کوششیں کچھ بھی اس کے کام نہیں آتیں-