Al-Risala June 2014

انسان، ٹکنالوجی

Al-Risala June 2014 — Maulana Wahiduddin Khan

Badges mark quoted or attributed material (Qur'an, hadith, another author, an opposing view). Unbadged passages are Maulana Wahiduddin Khan's own words.

Contents (25 chapters)
  1. الرسالہ - June 2014
  2. سیئات، حسنات
  3. لائف سپورٹ سسٹم
  4. توبۂ نصوح
  5. آزادی کا غلط استعمال
  6. انجامِ آخرت
  7. متشابہ جنت، حقیقی جنت
  8. زمین کی حفاظت
  9. نقل وحرکت
  10. انسان، ٹکنالوجی
  11. حقیقت پسندانہ مزاج
  12. سب کچھ خدا کا عطیہ
  13. قرآن کا پیغام
  14. کائنات کا سائنسی مطالعہ
  15. مسلم تاریخ کا احیا
  16. مردوزن کی مساوات
  17. تخلیق ِ انسانی کا مقصد
  18. دہشت گردی کا مسئلہ
  19. ردِ ّ عمل کی سیاست
  20. پیغمبرانہ ماڈل
  21. شخصیت کی پہچان
  22. اپنی تاریخ سے کٹنا
  23. انتخابِ اول، انتخابِ ثانی
  24. ترقی کا زینہ
  25. فخر اور نفرت

انسان، ٹکنالوجی

امریکا کے ایک سفر میں مجھ کو ایک سنٹردیکھنے کا موقع ملا- یہ ایک روحانی مشن کا سنٹر تھا- اِس مشن کے بانی (founder) کا انتقال ہوچکا تھا- بانی جیسی کوئی زندہ شخصیت وہاں موجودہ نہ تھی- اِس کے باوجود سنٹرمیں مشن کی تمام سرگرمیاں بدستور جاری تھیں- میں نے غور کیا تو بانی کی غیرموجودگی کے باوجود مشن کی سرگرمیوںکے بدستور جاری رہنے کا سبب دو چیزیں تھیں — ٹیم اور ٹکنالوجی-

بانی کا انتقال ہوا تو اس نے اپنے بعد دو چیزیں چھوڑی تھیں: ڈیڈی کیٹڈ ٹیم (dedicated team) اور تحریر اور تقریر کی شکل میں اپنا پیغام- بانی نے اپنی سنجیدہ کوششوں کے ذریعے بہت سے افراد کو متاثر کیا،یہاں تک کہ اس کےمشن کی پشت پر ایک مضبوط ٹیم بن گئی-

اِس کے علاوہ بانی نے بہت سی کتابیں لکھیں اور بڑی تعداد میں اس کی تقریروں سے آڈیو کیسٹ اور ویڈیو کیسٹ تیار ہوگئے- سنٹر میں میں نے دیکھا کہ اس کی ٹیم نہایت سنجیدہ انداز میں اِن چیزوں کو استعمال کررہی ہے- اس نے وہاں لائبریری اور ریڈنگ روم بنایا- کتابوں کے ڈسٹری بیوشن کے لیے نظام قائم کیا- وہاں میں نے دیکھا کہ رات دن کے بڑے حصے میں مسلسل آڈیو کیسٹ اور ویڈیو کیسٹ چلتے تھے۔ اِس کے علاوہ نہایت منظم پیمانے پر اس کی ترسیل کی جارہی تھی، اُس کو جگہ جگہ ڈاک کے ذریعے بھیجا جارہا تھا- اِسی طرح کمپیوٹر ٹکنالوجی کا استعمال بھی وہاں بھر پور طورپر کیا جارہا تھا-

انسان کے وجود کے دو پہلو ہیں— اس کی آواز اور اس کی جسمانی شخصیت- پچھلے زمانے میں انسان کی وفات کے بعد یہ دونوں چیزیں باقی نہیں رہتی تھیں- اب ٹکنالوجی نے یہ ممکن کردیا ہے کہ انسان کی آواز اور اس کی شخصیت دونوں بظاہر اِس طرح باقی رہیں جیسے کہ وہ انسان اب بھی پوری طرح موجود ہے- موجود زمانے میں کسی مشن کے تسلسل کو قائم رکھنے کا یہ ایک نیا امکان ہے جو جدید ٹکنالوجی کے ذریعے پیدا ہوا ہے-