Al-Risala December 2014

پیغمبر متّبعِ قرآن

Al-Risala December 2014 — Maulana Wahiduddin Khan

Badges mark quoted or attributed material (Qur'an, hadith, another author, an opposing view). Unbadged passages are Maulana Wahiduddin Khan's own words.

Contents (35 chapters)
  1. الرسالہ - December 2014
  2. استثنائی دنیا
  3. دورِمعرفت
  4. پیغمبر کا رول
  5. انسان کی تخلیق کس لیے
  6. ایک حدیث ِ رسول
  7. اصحابِ رسول کا نمونہ
  8. فطرت کا عطیہ
  9. آلاء اللہ کا مطلب
  10. ایک آزمائش
  11. دعوت کی توسیع
  12. ہدایت اور ضلالت
  13. ایک انسانی کمزوری
  14. خدا کی سنت
  15. دو ذمّے داری
  16. فریکونسی کا مسئلہ
  17. پیغمبر کا اُسوہ
  18. الرسالہ مشن کا دوسرا دور
  19. امت ِ مسلمہ کا کیس
  20. غلو کیا ہے
  21. حیاتِ انسانی کی توجیہہ
  22. ترتیبِ قرآن
  23. پیغمبر متّبعِ قرآن
  24. غلبہ، اہلِ حق کے لیے
  25. تنقید یا الزام تراشی
  26. آخر میں قبر
  27. دینی نہیں بلکہ قومی
  28. زندگی المیہ کیوں
  29. ٹماٹر یا لال بیگن
  30. دعوتی اسپرٹ
  31. شکایت کا نقصان
  32. وقت کا سرمایہ
  33. اسپرٹ آف اسلام
  34. سوال وجواب
  35. خبر نامہ اسلامی مرکز— 230

پیغمبر متّبعِ قرآن

قرآن سے معلوم ہوتا ہے کہ اللہ کا کلام لفظی طورپر پیغمبر کے اوپر اترا- اِسی کے ساتھ پیغمبر کو یہ حکم دیاگیا کہ تم خود سب سے پہلے اُس کے پیرو بنو (الانعام: 14)- فرمایا کہ اتبع ما أوحی إلیک من ربک (الانعام: 106) یعنی تم اُس چیز کی پیروی کرو جو تمھارے رب کی طرف سے تم پر وحی کی جارہی ہے-original + quote

اب سوال یہ ہے کہ قرآن کا لفظی ریکارڈ تو مصحف کی صورت میں موجود ہے-دوسری چیز یعنی پیغمبر کا اتباعِ قرآن، اُس کا ریکارڈ کہاں ہے؟ جیساکہ معلوم ہے، خودقرآن میں پیغمبر کے اتباعِ قرآن کا ریکارڈ نہیں- پھر یہ ریکارڈکہاں ہے- یہ ریکارڈ واضح طورپر احادیث کے اُس ذخیرہ میں ہے، جس کو سنت رسول کہا جاتا ہے، اور جس کو قرآن میں اسوۂ رسول (الاحزاب: 21) بتایا گیاہے-original + quote

قرآن، دینِ الہی کے نظریاتی حصہ کی وضاحت ہے- لیکن قرآن صرف ایک نظریہ کی کتاب نہیں- قرآن میں بار بار کہاگیا ہے کہ اے لوگو، قرآن کی اتباع کرو- اتباع کرنے کے لیے لازمی طورپر ضروری ہے کہ اُس کا ایک عملی نمونہ (role model) موجود ہو- تمام قرائن کے مطابق، یہ عملی نمونہ وہی ہے جو رسول کی سنت کی شکل میں حدیث کی کتابوں میں محفوظ ہے- سنت رسول کے سوا، کوئی اور چیز تعلیمات قرآن کے لیے عملی ماڈل نہیں بن سکتی-

حقیقت یہ ہے کہ جب اللہ نے اپنا کلام اتارا، تو عین اُس کے فطری تقاضے کے مطابق ضروری تھا کہ اُس کا ایک عملی ماڈل بھی موجود ہو- عملی ماڈل کے بغیر قرآن کی حیثیت ایک مجرد نظریاتی کتاب کی ہوجائے گی- اُس کی حیثیت انسان کے لیے ایک رہنما کتاب (گائڈ بک) کی نہ ہوگی- حالانکہ اگر ایسا ہو کہ قرآن مجرد معنوں میں صرف ایک نظریاتی کتاب ہو، انسان کے لیے یہ معلوم کرنے کا کوئی ذریعہ نہ ہو کہ مستند طورپر اُس کی انطباقی صورت (applied version) کہاں ہے، تو ایسی حالت میں قرآن اُس کے لیے عملاً ایک گائڈ بک نہیں بن سکتا-