Al-Risala October 2013

اپنی صلاحیتوں کا کم تر استعمال

Al-Risala October 2013 — Maulana Wahiduddin Khan

Badges mark quoted or attributed material (Qur'an, hadith, another author, an opposing view). Unbadged passages are Maulana Wahiduddin Khan's own words.

Contents (12 chapters)
  1. الرسالہ - October 2013
  2. کتابِ مہجور
  3. قرآن کے ساتھ تعلق
  4. کلچرل ڈی کنڈیشننگ
  5. سورہ الفاتحہ کا پیغام
  6. وحدتِ ادیان کا نظریہ
  7. تاریخ کا ربانی سفر
  8. خدا کا وجوداور سائنس
  9. اپنی صلاحیتوں کا کم تر استعمال
  10. نفسیاتی مسئلہ
  11. شکایت بے فائدہ
  12. خبرنامہ اسلامی مرکز224 -

اپنی صلاحیتوں کا کم تر استعمال

دینا اپل (Deana Uppal) انڈیا کی ایک سکھ فیملی میں پیدا ہوئیں- اب وہ انگلینڈ میں رہتی ہیں- حال میں اُن کو مس انڈیا- یو کے (Miss India-UK) کا ٹائٹل ملا ہے-وہ غیر شادی شدہ ہیں اور تین گھریلو خادموں (housemates) کے ساتھ ایک مکان میں رہتی ہیں- انھوں نے اپنے نظریۂ حیات کے بارے میں بتاتے ہوئے کہا کہ — مجھ کو سب سے زیادہ محبت صرف ایک چیز سے ہے اور وہ مال ہے:

The greatest love of my life is money.

مذکورہ خاتون نے جو بات کھلے لفظوں میں کہہ دی، وہ بات تقریباً ہر آدمی کے دل میں موجود ہوتی ہے، اگر چہ وہ زبان سے اس کا اظہار نہ کرے، خاص طورپر موجودہ کنزیومرازم (consumerism) کے عہد میں مال ہی لوگوں کے لیے سب کچھ بن گیا ہے-

میں ایسے بہت سے لوگوں سے ملا ہوں جنھوں نے مال کے حصول کو اپنا نشانہ بنایا اور بہت زیادہ دولت کمائی، مگر جب میں اِس قسم کے لوگوں سے بات کرتا ہوں تو مجھے ایسا محسوس ہوتاہےکہ اُن کے پاس مادّی موضوعات پر کہنے کے لیے تو بہت کچھ ہے، لیکن فکری موضوعات اور روحانی موضوعات پر وہ نہ کچھ بول سکتے اور نہ کچھ سمجھ سکتے- ایسے تمام لوگ میرے نزدیک صرف اکتسابی حیوان (earning animal) بن کر رہ جاتے ہیں-

خالق نے انسان کو جو دماغ (mind)دیا ہے، وہ غیر معمولی فکری امکانات (intellectual potentials)رکھتا ہے، جن کو انفولڈ(unfold) کرنا بلاشبہہ انسانی زندگی کا سب سے بڑا مقصد ہے، مگر آج کل کی مادی دنیا میں یہی وہ سب سے بڑی چیز ہے جو لوگوں کی زندگیوں سے حذف ہوگئی ہے- ایک لفظ میں، یہ کہ آج کی دنیا میں ہر آدمی کا کیس اپنے کم تر استعمال (underutilization) کا ایک کیس بنا ہوا ہے-