Badges mark quoted or attributed material (Qur'an, hadith, another author, an opposing view). Unbadged passages are Maulana Wahiduddin Khan's own words.
انسانیت عامہ p. 110
اسلام کے مطابق، پوری انسانیت خدا کا ایک کنبہ ہے۔ بیہقی کی ایک روایت ہے کہ پیغمبر اسلام صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ تمام انسان خدا کی عیال کی مانند ہیں۔ اور اللہ کے نزدیک سب سے زیادہ پسندیدہ انسان وہ ہے جو اس خدائی عیال کے ساتھ بہترین سلوک کرے (الْخَلْقُ عِيَالُ اللَّهِ، فَأَحَبُّ الْخَلْقِ إِلَى اللَّهِ مَنْ أَحْسَنَ إِلَى عِيَالِهِ) شعب الإيمان للبيهقي،حدیث نمبر 7048۔اس بات کو مولانا الطاف حسین حالی نے ایک شعر میں اس طرح کہا ہے : p. 110original + quote
یہ پہلا سبق تھا کتابِ ہدیٰ کا p. 110
کہ ہے ساری مخلوق کنبہ خدا کا p. 111
زید بن ارقم سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم جب رات کے آخری پہر میں اٹھتے تو تہجد کی نماز سے فارغ ہو کر ذکر اور دعا میں مشغول ہو جاتے۔ اس دوران آپ کی زبان سے یہ الفاظ نکلتے کہ اے اللہ، میں گواہی دیتا ہوں کہ سارے بندے آپس میں بھائی بھائی ہیں(أَنَا شَهِيدٌ أَنَّ الْعِبَادَ كُلَّهُمْ إِخْوَةٌ) سنن ابی داؤد، حدیث نمبر 1508۔ p. 111original + quote
تہجد کی نماز کا حکم مکہ میں اترا تھا۔ اس طرح آپ کا یہ معمول مکی دور ہی میں شروع ہو گیا تھا۔ حدیث کی کتابوں سے معلوم ہوتا ہے کہ تہجد کے بعد آپ مختلف دعائیں پڑھتے تھے۔ تاہم مذکورہ دعا جس میں اخوت انسانی کی شہادت دی گئی ہے، وہ خاص طور پر مکی دور سے تعلق رکھتی ہے۔ p. 111
جیسا کہ معلوم ہے، مکہ کے مشرکین اس زمانہ میں آپ کو اور آپ کے ساتھیوں کو سخت ایذائیںدے رہے تھے۔ اس کے باوجود رات کی تنہائیوں میں آپ ان کو برادرانہ احساسات کے ساتھ یاد فرماتے تھے۔ p. 111
اس سے معلوم ہوا کہ اسلام جو معیاری انسان دیکھنا چاہتا ہے وہ انسان وہ ہے جس کا حال یہ ہو کہ لوگ اگر اس کے دشمن بن جائیں ، حتی کہ وہ اس کو مٹانے کے درپے ہو جائیں۔ تب بھی اس کے دل میں لوگوں کے لیے برادرانہ احساسات ہی امنڈ رہے ہوں۔ حتی کہ وہ اپنی تنہائیوں میں خدا کو گواہ بنا کر اس کا اعلان کر رہا ہو۔ p. 112
اسلام آدمی کے اندر شفقت کا جذبہ ابھارتا ہے ۔ جو آدمی اسلام کو اختیار کرتا ہے وہ عین اسی کے ساتھ سارے انسانوں کے لیے شفیق اور مہربان بن جاتا ہے۔ p. 112