Badges mark quoted or attributed material (Qur'an, hadith, another author, an opposing view). Unbadged passages are Maulana Wahiduddin Khan's own words.
12فروری 1985 p. 30
ایک مسلمان بزرگ سے ملاقات ہوئی۔ وہ بہت دنوں سے صابن بنانے کا تجربہ کررہے تھے۔ انھوں نے بتایا کہ صابن کا اصل جزء تیل ہے۔ صابن میں پوسٹک سوڈا بھی استعمال ہوتا ہے۔ مگر اس کا خاص کام یہ ہے کہ وہ تیل کو جمادے۔ کسی بھی نباتاتی تیل سے صابن تیار ہوسکتا ہے۔ انھوںنے کہا— مسلمانوں کی سب سے بڑی بد قسمتی یہ ہے کہ مسلمان اپنے گھر میں صابن نہیں بناتے۔ حالاں کہ صابن بنانا اتنا ہی آسان ہے جتنا کہ شب برات کا حلوا بنانا۔ p. 30
اس کے بعد میں نے ان سے پوچھا کہ کیا آپ اپنے گھر میں صابن بناتے ہیں۔ انھوںنے کہا کہ نہیں۔ انھوںنے کچھ عذر بیان کیے جس کی وجہ سے وہ اپنے گھر میں صابن بنانے کا کام نہیں کرسکتے۔مسلمانوں کی سب سے بڑی بدقسمتی یہ نہیں کہ مسلمان اپنے گھر میں ’’صابن‘‘ نہیں بناتے۔ مسلمانوں کی سب سے بڑی بد قسمتی یہ ہے کہ اپنے گھروں میں ’’صابن‘‘ بنانے کا مشورہ وہ لوگ دے رہے ہیں، جو خود اپنے گھروں میں ’’صابن‘‘ بنانے کا کام نہیں کرتے۔ p. 31