Al-Risala November 2022

بڑھاپے کا تجربہ

Al-Risala November 2022 — Maulana Wahiduddin Khan

Badges mark quoted or attributed material (Qur'an, hadith, another author, an opposing view). Unbadged passages are Maulana Wahiduddin Khan's own words.

Contents (20 chapters)
  1. الرسالہ - November 2022
  2. علم سے آغاز
  3. دنیا ایک سفر
  4. کائونٹ ڈائون ہورہا ہے
  5. اہل کتاب سے استفادہ
  6. مطالعۂ حدیث
  7. دعا کی حقیقت
  8. مکمل اسلام، ربانی اسلام
  9. اہل جنت
  10. عمل کی دعوت
  11. بڑھاپے کا تجربہ
  12. چیلنج کی صورتِ حال
  13. بائی ٹائم اسٹریٹجی
  14. بات کرنے کا طریقہ
  15. ڈائری 1986
  16. ایگو کو مینج کرنا
  17. گناہ خدا سے قربت کا ذریعہ
  18. مولانا کے بعد
  19. تعارفِ کتب
  20. خبرنامہ اسلامی مرکز- 278

بڑھاپے کا تجربہ

عربی زبان میں ایک مقولہ ہے — بڑھاپا نوجوانی کا ختم ہوجانا نہیں ہے، بلکہ وہ ایک نئے مرحلے کی تیاری کے لیے موقع ہے(الشیخوخة لیست فقدان الشباب، وإنما مرحلة جدیدة للفرصة)۔ بڑھاپے کا تجربہ خالق نے انسان کے لیے کیوں مقدر کیا ۔ اس کا سبب یہ ہے کہ انسان سے یہ مطلوب تھا کہ وہ تواضع (modesty) کی اہمیت کو سمجھے۔ انسان کے لیے ہر قسم کی ترقی ماڈسٹی کے ساتھ رکھ دی گئی ہے۔ مگر تاریخ کا تجربہ یہ ہے کہ انسان تعلیم و تربیت کے ذریعہ ماڈسٹی کی اہمیت کو دریافت نہیں کرپاتا۔ اس لیے خالق نے انسان کے لیے یہ مقدر کیا کہ وہ بڑھاپے کے پُرمشقت تجربہ سے گزرے، اور غور و فکر کے ذریعے ماڈسٹی کی حکمت کو دریافت کرے۔original + quote

زمین کی کشش (gravitational pull) ایک عجیب نعمت ہے۔ کشش کے نظام کے بغیر زمین پر انسان کی زندگی کا فروغ ممکن ہی نہ ہوتا۔ اس لیے خدا نے نیوٹن (1642-1727ء) کے واسطے سے انسان کے لیے ایپل شاک (apple shock) کا تجربہ مقدر کیا۔ تاکہ انسان زمین کی قوت کشش کو دریافت کرے، اور اللہ کی رحمت سے باخبر ہو کر اللہ کا شکر گزار بندہ بنے۔ اسی مصلحت کے تحت خالق نے انسان کے لیے بڑھاپے کا دور مقدر کیا ۔ بڑھاپا انسان کے لیے گویا ایپل شاک ہے۔

انسان کا معاملہ یہ ہے کہ وہ شاک کے بغیر گہری باتوں کو پکڑنہیں پاتا ۔ بڑھاپا انسان کے لیےزندگی کی حقیقت کو پکڑنے کا آخری دورہے۔ یعنی اللہ تعالی نے بڑھاپے کے طور پرانسان کو سچائی کی دریافت کا آخری موقع عطا کیا ہے ۔ تاکہ پُر مشقت تجربہ کے ذریعہ انسان کے اندر سوچ جاگے، اور انسان اپنی زندگی کو زیادہ درست انداز میں منظم کرے۔ بڑھاپا انسان کے لیے گویا توبہ اور اصلاح کا دور ہے۔ بڑھاپا اس لیے ہے کہ انسان اپنے آخری زمانے میں اس حکمت کو دریافت کرے، جس سے وہ اپنے ابتدائی دور میںبے خبر رہا ہے۔بڑھاپا سادہ معنی میں نوجوانی کا ختم ہوجانا نہیں ہے، بلکہ ایک نیا مرحلہ ہے۔ زندگی کا آخری موقع جس میں انسان خدا کی اسکیم آف تھنگ کو جانے اور اس کے مطابق عمل کرے۔