Badges mark quoted or attributed material (Qur'an, hadith, another author, an opposing view). Unbadged passages are Maulana Wahiduddin Khan's own words.
خود کشی کیوں
بالی وڈ کی ایک ایکٹرس جِیا خان نے 3 جون 2013 کوممبئی میں خود کشی کرلی- اس وقت اس کی عمر 25 سال تھی- وہ جوہو کے ایک فلیٹ میں رہتی تھی- وہاں کوئی سوسائڈ نوٹ (suicide note)نہیں پایا گیا- فلم ڈائرکٹر رام گوپال ورما نے بتایا کہ ضیا خان کو تین سال سے کوئی کام نہیں ملا تھا- اس نے رام گوپال ورما سے ایک ملاقات میں کہا تھاکہ اس کے قریب کا ہر آدمی اس کو یہ احساس دلاتا ہے کہ وہ ناکام ہے:original + quote
The last time I met her, Jiah told me that everyone around her makes her feel like a failure.
ضیا خان نے جو کہا، وہ خود کشی کے لیے کوئی عذر (excuse) نہیں ہے- انسان کو چاہئے کہ وہ خود اپنے آپ کو دریافت کرے، نہ یہ کہ وہ اپنے آپ کو ویسا سمجھے جیسا کہ دوسرے لوگ اس کو بتارہے ہیں- حقیقت یہ ہے کہ دنیا غیر ہمدرد (unsympathetic) لوگوں سے بھری ہوئی ہے- اس دنیا میںحقیقی معنوںمیں کوئی شخص دوسرے کا خیر خواہ(well-wisher) نہیں ہوتا، حقیقی معنوں میں کوئی شخص کسی کا اعتراف (acknowledgement)نہیں کرتا- یہ کام آدمی کو خود کرنا ہے کہ وہ اپنے بے لاگ جائزہ سے اپنی قدروقیمت کو متعین کرے- وہ اپنے ذاتی یقین پر کھڑا ہو، نہ کہ دوسروں کے ماننے یا نہ ماننے پر-original + quote
عقل مند آدمی وہ ہے جو دوسروں کی تعریف سے خوش نہ ہو اور دوسروں کی تنقید اُس کو غمگین نہ کرے- دوسروں کی تعریف پر خوش ہونے والا آدمی اپنے بارے میں زیادہ اندازہ (overestimation) میں مبتلا ہوجاتا ہے- اِسی طرح دوسروں کی تنقید پر غمگین ہونے والا آدمی اپنے بارے میں کم تر اندازہ (underestimation) کا شکار ہوجاتا ہے- اور دونوں قسم کا مزاج بلا شبہہ آدمی کے لیے یکساں طورپر مہلک ہے-