Al-Risala May 2014

دعا کی قبولیت

Al-Risala May 2014 — Maulana Wahiduddin Khan

Badges mark quoted or attributed material (Qur'an, hadith, another author, an opposing view). Unbadged passages are Maulana Wahiduddin Khan's own words.

Contents (16 chapters)
  1. الرسالہ - May 2014
  2. تواصی بالحق،تواصی بالصبر
  3. انسان کی تخلیق
  4. شخصیت کی تعمیر
  5. جنت کے باغوںمیں
  6. حکمت کا راز
  7. دعا کی قبولیت
  8. لامحدود صلاحیت
  9. خواہش پر کنٹرول
  10. جنت کی نرسری
  11. احیاءِ امت
  12. اسلام اور دورِ جدید
  13. شتمِ رسول کا مسئلہ
  14. نتیجے کا فقدان
  15. اختلافِ رائے
  16. موت کا پیغام

دعا کی قبولیت

ایک مسلم نوجوان نے کہا کہ میرے بہت سے مسائل ہیں- میں اُن مسائل کے لیے اللہ سے بہت دعا کرتا ہوں، لیکن میری دعا قبول نہیں ہوتی- اِس طرح دعا کرتے ہوئے مجھے کئی سال گزر گئے، مگر میراکوئی مسئلہ حل نہ ہوا- میری سمجھ میں نہیں آتا کہ اب میں کیا کروں-other source

یہ وہ لوگ ہیں جو اپنے مادی مسائل کے لیے اللہ سے دعا کرتے ہیں، پھر جب وہ دیکھتے ہیں کہ اُن کا مسئلہ ان کی خواہش کے مطابق حل نہیں ہوا تو وہ مایوسی میں مبتلا ہوجاتے ہیں- دعا بلاشبہہ ایک اعلی عبادت ہے، مگر جہاں تک دعا کی قبولیت کا سوال ہے، اس کا انحصار اللہ کی مرضی پر ہے، نہ کہ بندے کی خواہش پر-

اصل یہ ہے کہ دنیا کی جو مادی چیزیں ہیں، وہ سب کی سب امتحان کے پرچے (test papers) ہیں- کسی انسان کو کن امتحانی پرچوں کے ساتھ آزماناہے، اس کا فیصلہ اللہ کی طرف سے کیا جاتا ہے، نہ کہ انسان کی خواہش کی بنیاد پر- کوئی طالب علم اگر یہ چاہے کہ اس کے امتحان کا پرچہ اس کی مرضی کے مطابق اس کو دیا جائے تو ایسا ہونا ممکن نہیں، کیوں کہ امتحانی پرچے کے معاملے میں سارا فیصلہ تعلیمی ادارے کے ذمے داروں کی طرف سے کیا جاتا ہے، طالب علم کی خواہش کی بنیاد پر اس کا فیصلہ نہیں ہوتا-

ایسی حالت میں دعا کا صحیح طریقہ یہ ہے کہ آدمی دعائیں تو خوب کرے، لیکن دعا کی قبولیت کے معاملے کو وہ تمام تر اللہ کے اوپر ڈال دے- اگر کسی آدمی کی دعا بظاہر قبول نہیں ہورہی ہے تو اس کو یقین کرنا چاہیے کہ یہی اللہ کی مرضی ہے- اللہ زیادہ بہتر جانتا ہے کہ کسی بندے کے لیے خیر کیا ہے- انسان صرف اپنی خواہشوں کو جانتا ہے، نہ یہ کہ اس کا خیر کس چیز میں ہے-

آدمی کو چاہیے کہ وہ ملے ہوئے پر راضی رہے اور نہ ملے ہوئے کے بارے میں وہ یہ دعا کرے کہ خدایا، تو میرے لیے خیر کا فیصلہ فرما (اللہم خرلی واختر لی)-