Al-Risala January 2011

مال کی حقیقت

Al-Risala January 2011 — Maulana Wahiduddin Khan

Badges mark quoted or attributed material (Qur'an, hadith, another author, an opposing view). Unbadged passages are Maulana Wahiduddin Khan's own words.

Contents (26 chapters)
  1. الرسالہ - January 2011
  2. ہدایت کا اصول
  3. ذلت او ر مسکنت
  4. امتِ محمدی کی حیثیت
  5. مُقری کا رول
  6. سیاسی حقیقت پسندی
  7. دعاء کیا ہے
  8. دعوت کاحوصلہ
  9. لڑ کر مر جانااسلام نہیں
  10. امن کی طاقت زیادہ
  11. سچائی کی تلاش
  12. مغرب میں بسنے والے مسلمان
  13. طبقۂ عوام، طبقۂ خواص
  14. دعوت اور اصلاح کا فرق
  15. تاریخِ بشری کے پانچ دور
  16. عظیم ترین انقلاب
  17. تعارفِ قرآن
  18. مسئلہ کا حل
  19. مال کی حقیقت
  20. امریکا: دوست یا دشمن
  21. صلاحیت کے بغیر اقدام
  22. تیسرا آپشن نہیں
  23. ذہنی ارتقاء
  24. تاریخ کا قانون
  25. سوال وجواب
  26. خبر نامہ اسلامی مرکز 208 —

مال کی حقیقت

کہا جاتا ہے کہ بل گیٹس (Bill Gates) دورِ جدید کا سب سے بڑا دولت مند آدمی ہے۔ اِس وقت اس کی عمر 54 سال ہے اور وہ 34 بلین اسٹرلنگ پاؤنڈ کا مالک ہے۔ مگر وہ اپنی دولت اپنے تین بچوں کو نہیں دینا چاہتا، کیوں کہ اس کو اندیشہ ہے کہ اس کے بچے اتنی بڑی دولت پاکر بگڑ جائیں گے۔ نئی دہلی کے انگریزی اخبار ٹائمس آف انڈیا، 21 ستمبر 2010 کی ایک رپورٹ کے مطابق، اس نے کہا کہ — وہ نہیں چاہتے کہ وہ اپنی دولت سے ایک خاندانی مملکت قائم کریں۔ وہ اپنی دولت کو اپنے بچوں کے لیے نہیں چھوڑیں گے:original + quote

He is not interested in using his billions to LAUNCH a dynasty and would not leave his fortune to his children. (The Times of India, New Delhi, p. 20)other source

جس آدمی کے پاس مال نہ ہو، وہ مال کو سب سے بڑی چیز سمجھتا ہے۔ وہ اپنا پورا وقت اور اپنی پوری توانائی مال کے حصول میں لگا دیتا ہے۔ لیکن جب وہ مال کو پالیتا ہے تو اس کے بعد وہ دریافت کرتاہے کہ مال بہت سے ناقابلِ حل مسائل لے کر آیا ہے۔ مال نے اس کو خوشی نہیں دی، البتہ اس نے اس کی زندگی میں بہت سے نئے مسائل کا اضافہ کردیا۔ مال، ملنے سے پہلے ایک خوش نما گول (goal) ہے، لیکن مال، ملنے کے بعد صرف مسائل کا مجموعہ بن جاتا ہے۔

قرآن میں مال کو انسان کے لیے قیام (4: 4) کا ذریعہ بتایا گیا ہے، یعنی مال انسان کی مادی ضرورتیں پورا کرنے کے لیے ہے، مال انسان کے لیے مقصد حیات نہیں۔ مال کی اِس حقیقت کو جو انسان مال کے حصول سے پہلے جان لے، وہ ایک دانش مند انسان ہے، اور جو آدمی مال کی اِس حقیقت کو مال کے حصول کے بعد جانے ، وہ بلا شبہہ ایک غیر دانش مند انسان ہے۔ انسان کو چاہیے کہ اِس معاملے میں وہ دوسروں کے تجربے سے سبق لے۔ وہ اِس کا انتظار نہ کرے کہ یہ تجربہ خود اس کے اوپر گزرے، اس کے بعد وہ اس سے سبق حاصل کرے گا۔original + quote