Al-Risala December 2015

زحمت میں رحمت

Al-Risala December 2015 — Maulana Wahiduddin Khan

Badges mark quoted or attributed material (Qur'an, hadith, another author, an opposing view). Unbadged passages are Maulana Wahiduddin Khan's own words.

Contents (28 chapters)
  1. الرسالہ - December 2015
  2. ذٰلک الکتاب
  3. قرآن اور انسان
  4. امن کی تلاش
  5. جنت والے
  6. مومن کی صفات
  7. قتل اور زندگی
  8. عقل سے محرومی کا دور
  9. دوہرا انعام
  10. دعوت کے دو پہلو
  11. امت مسلمہ کا فائنل رول
  12. کائنات میں خدا کی گواہی
  13. آزاد کشمیر یا برباد کشمیر
  14. برکت کا مطلب
  15. جنگ، اسلام میں
  16. بڑا اجر
  17. غلطی کا اعتراف
  18. پیغمبر کی نصیحت
  19. اختلاط کی اہمیت
  20. رحمتِ الٰہی سے محرومی
  21. فساد فی الارض
  22. عبادت، دعوت
  23. شیطان کا طریقہ
  24. زد میں آنے سے بچیے
  25. اعتراف، بے اعترافی
  26. زحمت میں رحمت
  27. تیار ذہن
  28. سوال و جواب

زحمت میں رحمت

ایک امریکی خاتون مارگریٹ مشل( Margaret Munnerlyn Mitchell) کو ان کی زندگی میں کئی حادثات پیش آئے۔ ان کے پاؤں کی ہڈی میں شدید چوٹ آئی، جس کی وجہ سے وہ بستر پر پڑگئیں۔ ان کے پاس اس کے سوا اور کوئی کام نہ رہا کہ وہ بستر پر لیٹے ہوئے کتابیں پڑھتی رہیں۔

کتابوں کے مطالعے کا سلسلہ لمبی مدت تک جاری رہا۔ ان کے شوہر ان کو کتابیں لاکر دیتے ، اور وہ برابر ان کو پڑھتی رہیں۔ اسی میں کئی سال گزر گئے۔ یہاں تک کہ ان کے گھر میں کتابوں کا ڈھیر لگ گیا۔ اب ان کے شوہر نے کہا کہ تم کب تک کتابیںپڑھتی رہوگی، اب تمہیں لکھنا چاہیے۔ اس کے بعد مارگریٹ مشل نے ایک ناول لکھنا شروع کیا۔

اس طرح انھوں نے ایک ضخیم ناول تیار کیا، جس کا نام تھا: گان ودھ دا ونڈ (Gone with the Wind)۔ یہ ایک المیہ تھا۔ اس المناک کہانی کا خاتمہ اس طرح ہوا کہ مصنفہ نے اپنی کتاب کے خاتمے پر جو الفاظ لکھے، وہ یہ تھے— آخر کار کل کا دن ایک اور دن ہوگا:

After all, tomorrow is another day

حالات نے مارگریٹ مشل کے دل کو ایک درد مند دل بنادیا۔ ان کے اندر گہری سوچ پیدا ہوگئی۔ وہ زندگی کے بارے میں زیادہ سنجیدگی کے ساتھ سوچنے لگیں۔ خارجی سرگرمیوں کے خاتمے کے بنا پر، ان کی داخلی سوچ بہت گہری سوچ بن گئی۔ اس کا نتیجہ مذکورہ ناول کی صورت میں برآمد ہوا۔ ان کا یہ ناول بہت زیادہ مقبول ہوا۔ حتی کہ اس کا شمار دنیا کے ٹاپ کے ناولوں میں ہونے لگا۔

انسان کے ساتھ مصیبتیں آتی ہیں۔ لیکن انسان پتھر نہیں ہے۔ مصیبت اس کے ذہن کو متحرک کرتی ہے۔ اس کے دل کو حساس دل بنادیتی ہے۔ وہ زیادہ سوچنے والا بن جاتا ہے۔ وہ ایک کٹ ٹو سائز انسان بن جاتا ہے۔ ان باتوں کا نتیجہ یہ ہوتا ہے کہ وہ ایسے کام کر ڈالتا ہے جو عام حالات میں وہ نہیں کرسکتا تھا۔ پہلے اگر وہ مین(man) تھا تو اب وہ سوپر مین(superman) بن جاتا ہے۔