Al-Risala August 2007

مدعو نہ کہ دشمن

Al-Risala August 2007 — Maulana Wahiduddin Khan

Badges mark quoted or attributed material (Qur'an, hadith, another author, an opposing view). Unbadged passages are Maulana Wahiduddin Khan's own words.

Contents (26 chapters)
  1. الرسالہ - August 2007
  2. دجّالِ اکبر کا فتنہ
  3. تفسیرِ قرآن
  4. قیامت قریب آگئی
  5. تطفیف پر وَیل
  6. خلافتِ ارضی
  7. اظہارِ دین
  8. صوفی ازم
  9. مدعو نہ کہ دشمن
  10. مسلم ذہن
  11. مسلمان کیا کریں
  12. جذبات ِ پرستش
  13. کامیابی کا اصول
  14. دعوہ ورک، کمیونٹی ورک
  15. ڈی لنکنگ پالیسی
  16. صحیح طرزِ فکر
  17. سائنٹفک مذہب کی ضرورت
  18. چیلنج کی اہمیت
  19. غلط جنرلائزیشن
  20. مال کی حیثیت
  21. متواضع انسان
  22. تعلیم کی اہمیت
  23. اَمانی،عمل
  24. احتیاط ضروری ہے
  25. ایک خط
  26. خبر نامہ اسلامی مرکز — 180

مدعو نہ کہ دشمن

موجودہ زمانے میں تقریباً تمام مسلمان، غیر مسلم قوموں کو اپنا دشمن یا حریف سمجھتے ہیں۔ اُن کا ایک طبقہ ان قوموں کے خلاف مسلّح جنگ چھیڑے ہوئے ہے۔ اور ان کا دوسرا طبقہ ان کے خلاف منفی جذبات میں مبتلا ہے۔ یہ بات سرتا سر اسلامی تعلیم کے خلاف ہے۔ اِس قسم کی تمام کارروائیاں نہ تو اسلامی جہاد ہیں اور نہ اسلامی غیرت۔ وہ اسلام کے نام پر صرف غیر اسلام کا ارتکاب ہیں، اِس کے سوا اور کچھ نہیں۔

قرآن کے مطابق، ہمارا دشمن صرف شیطان ہے جس کو قرآن میں طاغوت کہا گیا ہے۔ ہماری لڑائی صرف شیطان سے ہے، کسی اور سے نہیں۔انسان کے اندر امتحان کے مقصد سے مختلف قسم کے جذبات رکھے گیے ہیں۔ مثلاً غصہ اور انتقام، وغیرہ۔ اِن جذبات کو غلط رُخ دے کر شیطان ہم کو صحیح راستے سے ہٹانے کی کوشش کرتا ہے۔ یہی وہ مواقع ہیں جب کہ ہمیں شیطان سے لڑنا ہے۔ شیطان کی تزئین (الحجر: 39) سے بچنے ہی کا نام تزکیہ ہے اور جو لوگ اِس اعتبار سے اپنا تزکیہ کریں، وہی وہ لوگ ہیں جن کو جنت میں داخلہ ملے گا (طٰہٰ: 76) شیطان کے خلاف انسان کی لڑائی صرف نفسیات کی سطح پر ہوتی ہے، تشدّد اور ہتھیار کی سطح پر نہیں۔original + quote

جہاں تک انسان کا معاملہ ہے، قرآن کے مطابق، انسان ہمارا مدعو ہے۔ وہ ہمارا حریف یا دشمن نہیں۔ انسان کے ساتھ ہمارا تعلق داعی اور مدعو کا ہے، دشمن یا مدّ مقابل کا نہیں۔ انسان کے مقابلے میں ہماری ذمے داری یہ ہے کہ ہم اُس کو پر امن طور پر خدا کا پیغام پہنچائیں۔ پیغام رسانی کا یہ کام صرف وہ لوگ کرسکتے ہیں جو نفرت اور عداوت کے جذبات سے مکمل طورپر خالی ہوں۔ نفر ت اور دعوت دونوں ایک سینے کے اندر جمع نہیں ہوسکتے۔ موجودہ زمانے کے مسلمان، انسان کے خلاف اپنی طاقت ضائع کررہے ہیں۔ یہ سراسر خدا کی اسکیم کے خلاف ہے۔ مسلمانوں پر لازم ہے کہ وہ اپنے اِس رجحان کو بدلیں اور اپنی ساری طاقت دعوت الی اللہ کے کام میں صرف کریں۔ یہی اُن کے لیے نجات کا واحد راستہ ہے۔original + quote