2022 November

بائی ٹائم اسٹریٹجی

2022 November — Maulana Wahiduddin Khan

Badges mark quoted or attributed material (Qur'an, hadith, another author, an opposing view). Unbadged passages are Maulana Wahiduddin Khan's own words.

Contents (20 chapters)
  1. الرسالہ - November 2022
  2. علم سے آغاز
  3. دنیا ایک سفر
  4. کائونٹ ڈائون ہورہا ہے
  5. اہل کتاب سے استفادہ
  6. مطالعۂ حدیث
  7. دعا کی حقیقت
  8. مکمل اسلام، ربانی اسلام
  9. اہل جنت
  10. عمل کی دعوت
  11. بڑھاپے کا تجربہ
  12. چیلنج کی صورتِ حال
  13. بائی ٹائم اسٹریٹجی
  14. بات کرنے کا طریقہ
  15. ڈائری 1986
  16. ایگو کو مینج کرنا
  17. گناہ خدا سے قربت کا ذریعہ
  18. مولانا کے بعد
  19. تعارفِ کتب
  20. خبرنامہ اسلامی مرکز- 278

بائی ٹائم اسٹریٹجی

ایک حدیث رسول ان الفاظ میں آئی ہے قَالَ رَسُولُ اللہِ صَلَّى اللہُ عَلَیْہِ وَسَلَّمَ:إِنَّ أَفْضَلَ الْعِبَادَةِ انْتِظَارُ الْفَرَجِ مِنَ اللہِ(مسند البزار، حدیث نمبر 6297)۔ یعنی رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے کہا بے شک افضل عبادت اللہ کی جانب سے کشادگی کا انتظار کرنا ہے۔ ایک شارح نے اس حدیث کی وضاحت ان الفاظ میں کی ہے بترک الشِّکایة من البلاء النازل(شرح مصابیح السنةلابن الملک، حدیث نمبر1602)۔ یعنی نازل شدہ مصیبت کے موقع پر شکایت کو ترک کرنا۔original + quote

موجودہ زمانے میں ایک اسٹریٹجی وجود میں آئی ہے۔ اس کو بائنگ ٹائم (buying time) کہا جاتا ہے۔یعنی کسی کام کےلیے وقتی طور پر تاخیر کرنا تاکہ اپنی پوزیشن کو ٹھیک کیا جاسکے

to delay an event temporarily so as to have a longer time to improve one's own position.

اس کا مطلب ہے وہی کام کرنا، جو آپ کے لیے ممکن ہو۔ زندگی میں جذباتیت کو ترک کرکے حقیقت پسند بننا۔اگر انتظار کی ضرورت ہو تو جلد بازی کا طریقہ اختیار کرنے کے بجائےانتظار کرنا اور صبر سے کام لینا۔ حدیبیہ کے موقع پر رسول اللہ نے قریش مکہ کے ساتھ یک طرفہ شرطوں پر صلح کرلیا تھا۔ یہ جدید اصطلاح کے مطابق بائی ٹائم اسٹرٹیجی تھی۔ صلح حدیبیہ کے موقع پر بائی ٹائم اسٹرٹیجی کا اشارہ قرآن کی اس آیت میں ملتا ہے فَعَلِمَ مَا لَمْ تَعْلَمُوا(48:27)۔ یعنی پس اللہ نے وہ بات جانی جو تم نے نہیں جانی۔ مفسر البیضاوی (وفات 1292ء)نے اس آیت کی یہ تفسیر کی ہے من الحکمة فی تأخیر ذلک (تفسیر البیضاوی، جلد5، صفحہ131)۔ یعنی اس تاخیر میں جو حکمت ہے۔original + quote

اس صلح کے ذریعہ قریش سے دس سال کا ناجنگ معاہدہ طے پایا اور نتیجۃً دعوت الی اللہ کے لیے موافق فضا پیدا ہوئی۔ اس صلح کےذریعہ آپ نے اپنے لیے تیاری کا موقع حاصل کیا، اور اتنی زیادہ تیاری کرلی کہ کسی جنگ کے بغیر آپ کو فریق ثانی کے مقابلے میں کامیابی حاصل ہوگئی۔ اسی لیے اس صلح کو قرآن میں فتح مبین کہا گیا ہے۔یعنی ٹکراؤ کا طریقہ اختیار کیے بغیر بائی ٹائم اسٹرٹیجی کے ذریعے مخالفین کے اوپر غلبہ حاصل کرنا۔original + quote